Monday, June 22, 2020

❤دعا کی اہمیت ❤


*"أَلدُّعَاءُ مُخُّ الْعِبَادَةِ"* *الحدیث*
*ترجمہ:یعنی دعا عبادت کا مغز ہے*

 1⃣سْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وَحْدَہٗ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی مَنْ لاَّ نَبِیَّ بَعْدَہٗ

🗒️ *دعا کی اہمیت*

دعا کے معنی اپنی ضروریات کو خدا کے سامنے پیش کر کے خدا کو منواکر اپنی حاجتوں کو پورا کراناہے ، جب بندہ خدا سے مانگتاہے تو خدا اس کے مانگنے کو بے حد پسند کرتے ہیں اور ارشادِ خداوندی ہوتا ہے کہ میرے بندے مانگ جو کچھ مانگنا ہے ، دعاکی تاکید میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو کوئی اللہ تعالی سے دعا نہ مانگے تو اللہ تعالی اس سے ناراض ہوتے ہیں ۔ آپ نے دعا کو تمام عبادتوں کا مغز قرار دیاہے ، نیز ارشادِنبویؐ ہے کہ دعا مانگنا تمام پیغمبروں کی سنت ہے ۔
اسلام میں دعاء کی اہمیت بہت ہے ۔ شریعت نے اس کے لئے قواعد وضوابط مقرر کئے ہیں جس کا لحاظ کیا جائے تودعا کی قبولیت میں کسی بھی قسم کا شک وشبہ نہیں کیاجاسکتا ۔ اس لئے کہ وعدۂ خداوندی ہے کہ جب میرا بندہ مجھ سے کوئی چیز طلب کرتا ہے تو میں اس کی پکار کو سنتاہوں اور اس کی دعاقبول بھی کرتاہوں ۔
دعاکی قبولیت کے تین درجے ہیں پہلادرجہ یہ ہے کہ جب بندہ بارگاہِ خداوندی میں کسی چیز کو طلب کرتاہے تو خداما نگنے والے کی کیفیت کوخوب جانتاہے ، اگر مانگنے والا مانگی ہوئی چیز کو برداشت کرسکتا ہے تو خدا اس کو وہی مانگی ہوئی چیز عطا کرتاہے ۔ دوسرا درجہ یہ ہے کہ اگر برداشت کرنے کی طاقت نہ ہونے کے باوجود بھی طلب کرتاہے تو خداوند قدوس اس کی طلب کردہ چیز کے بجائے دوسری کوئی چیز عنایت فرماتاہے اس طرح نوازتے ہیں کہ مانگنے والے کو گمان بھی نہیں ہوتا ۔ تیسرا درجہ یہ ہے جب بندہ کسی چیز کے لئے دعا کرتاہے جس چیز کا وہ اہل ہے وہی چیزمانگ رہاہے تو خدا تعالی ملائکہ کو حکم فرماتے ہیں کہ میرے فلاں بندے نے فلاں چیز کو طلب کیا اس کے عوض اتنی نیکیاں اس کے نامۂ اعمال میں درج کردو یہ یقین کرلیجئے کہ مومن کی دعا کبھی بھی رد نہیں کی جاتی ، کسی نہ کسی نوعیت سے انشاء اللہ دعاضرورقبول ہوکر رہے گی بشرطیکہ مومن کا دل خلوص وللہیت سے لبریز ہو ، توکل کا مجسمہ بنا ہواہو ، صبروضبط کا آئینہ دار ہو اور اسکا کھانا اور پہننا حلال ہو ، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہم تمام کو صرف اسی سے مانگنے کی توفیق عطا فرمائے ( آمین )

📖القرآن 
🖋️ *کُنْتُمْ خَیْرَ أُمَّۃٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ، تَأْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَتُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ.*
📝 *ترجَمہ* 
        *تم بہترین امت ہو کہ لوگوں کے( نفع رَسانی)کے لیے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے ہو اور بُرے کام سے منع کرتے ہو، اور اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہو۔ (بیان القرآن )*

No comments: